یو اے ای اور سعودی عرب محفوظ ترین ممالک قرار

کرہ ارض میں پھیلے کورونا کی بلا کے پس منظر میں مملکت سعودی عرب اور یو اے ای کو دنیا کے محفوظ ترین بیس ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ میں قائم ڈیپ نالج گروپ نے اپنے کورونا کے تحفظ جائزے میں متحدہ عرب امارات کو 11 نمبر پر شمار کیا ہے جبکہ سعودی عرب اس فہرست میں 17 نمبر پر براجمان ہے۔

یہ دونوں ملک کیٹگری ایک میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس تناظر میں حفاظتی تدابیر اور پیشرفت کی بناد پر دنیا کے بیس ممالک شامل کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس گروپ کی یہ رپورٹ 250 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں ایسے 130 نکات کو جانچا گیا ہے اور انہی کے تحت تمام ممالک کے کووڈ 19 کی وبا سے بچنے اور اس پر قابو پانے کے لیے کیے گئے کام کی جانچ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کے تقریبا 200 ممالک میں سوئٹزر لینڈ ، جرمنی ، اسرائیل ، سنگاپور اور جاپان بالترتیب پہلے پانچ محفوظ ترین ممالک میں شامل ہیں۔ جبکہ مملکت سعودی عرب کو علاقائی استحکام کے زمرے میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ کہ جس کی روشنی میں سعودی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں-

واضح رہے کہ سعودی عرب کی آبادی تین کروڑ تیس لاکھ افراد ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اب تک دس لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اور ان میں سے کورونا کے 161005 متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔

جبکہ وفات پانے والے مریضوں کی تعداد 1307 رہی ہے اسی طرح شفایاب ہونے والے متاثرین کی تعداد 105175 ہے۔

یاد رہے کہ ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات نے اب تک کووڈ 19 کے تیس لاکھ سے زیادہ تشخیصی ٹیسٹ کیے ہیں اور یہ فی کس آبادی کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ جس کی بنیاد پر یو اے ای اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں