106 سالہ سعودی معمر خاتون کورونا سے صحتیاب

مملکت سعودی عرب میں 106 سالہ معمر خاتون نے موذی وائرس کورونا کو شکست دے دی ہے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق معمر خاتون کرونا وائرس سے مکمل صحتیاب ہو چکی ہیں-

تفصیلات کے مطابق شمالی منطقہ کے وزارت صحت کے ترجمان فہد العنزی نے عکاظ اخبار کو بتایا ہے کہ مملکت سعودی عرب کے سرحدی علاقے عرعر میں معمر خاتون میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ وہ ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے عارضہ میں بھی مبتلا ہیں- 

انہوں نے مزید بتایا کہ معمر خاتون کو فل الفور بہتر علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور یہ بات خوش آئند ہے کہ انہیں وینٹی لیٹر کی ضرورت بھی نہیں پڑھی اور کرونا سے جنگ میں معمر خاتون اللہ کے کرم سے شفایاب ہوئی ہیں- 

خبر رساں ادارے عکاظ کے مطابق شمالی منطقے کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان نے معمر خاتون سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے ان کی صحت کے متعلق دریافت کیا تھا اور انکی صحت و جلدی شفایابی کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا تھا- 

سعودی عرب کے شمالی علاقہ میں اب تک کرونا وائرس کے 407 کیسز سامنے آ چکے ہیں- جبکہ اب تک 10 افراد کی ہلاکت اس موذی وبا کے باعث ہو چکی ہے- 

اپنا تبصرہ بھیجیں