بحرین میں فیس ماسک نہ پہننے پر ہزاروں افراد کو جرمانے

خلیجی ملک بحرین میں انسداد کورونا کے سلسلے میں فیس ماسک پہننے کی پابندی نہ کرنے پر 6128 افراد کو جرمانے کیے گئے ہیں- 

البلاد اخبار کے مطابق پبلک سیکورٹی کے اسسٹنٹ چیف بریگیڈئیر جنرل ڈاکٹر شیخ حماد بن محمد الخلیفہ نے بتایا ہے کہ شمالی گورنریٹ میں سب سے زیادہ 2000 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں-

انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی وبا کرونا کے سدباب کے لیے حفاظتی اقدامات عوام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے لگائے گئے ہیں اور ان سفارشات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے ہی ہم اس وباء پر قابو پا سکتے ہیں-

واضح رہے کہ جزیرہ نما ملک بحرین میں اب تک کرونا کے 26,758 کیسز آچکے ہیں جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 21,331 بتائی گئی ہے اسی طرح موذی مرض کورونا کے باعث 90 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں-

اپنا تبصرہ بھیجیں