سعودی عرب میں کورونا سے ہلاکتیں 2000 سے بڑھ گئیں-

مملکت سعودی عرب میں مہلک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہونے والی اموات 2 ہزار تک جا پہنچی ہیں- گذشتہ روز 49 متاثرین مہلک وائرس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حالیہ اضافے کے بعد مملکت میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد اب 2,017 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3,392 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں تصدیق شدہ کیسز کی کل تعداد 217,108 تک جا پہنچی ہے۔ سعودی عرب کے زیادہ آبادی والے علاقوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جس میں دارلحکومت سرفہرست ہے-

دوسری طرف حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ شفایاب ہونے والے متاثرین میں بھی اضافہ ہورہا ہے وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 5,205 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ حالیہ شفایاب ہونے والے مریضوں کے بعد مجموعی طور پر کورونا سے نجات پانے والے افراد کی تعداد 154,839 ہوگئی ہے، جبکہ اب بھی کورونا متاثرین میں سے 60,252 مریض مملکت کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

وزارت صحت کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق دارالحکومت الریاض میں ایک بار پھر سب سے زیادہ کورونا متاثرین ریکارڈ کی جارہی ہیں جہاں 308 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر الطائف ہے جہاں 246 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مملکت سعودی عرب کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا جی سی سی کا سب بڑا ممبر ملک ہے، اور عالمی فہرست میں مملکت 13 ویں نمبر پر کورونا متاثر ملک ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں